اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )20 سال کی عمر میں دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ K2 کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف، اب ایک اور ریکارڈ توڑنے کے لیے گزشتہ رات لاہور سے نیپال روانہ ہو چکے ہیں۔شہروز کاشف اب 8000 میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یاد رہے شہروز پہلے ہی ان میں سے 10 چوٹیاں سر کر چکے ہیں اور ایسا کرنے والے وہ دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔شہروز کاشف نیپال میں موجود 8091 میٹر بلند اناپورنا اور 8167 بلند دھولاگیری کو تسخیر کرنے کے مشن پر روانہ ہو چکے ہیں ۔ ان چوٹیوں کو کامیابی سے سر کرنے کے بعد ان کے مشن 14×8000 کی صرف دو چوٹیاں یعنی (شیشپنگما اور چویو) رہ جائیں گی۔
ہر لمحہ شہروز کی حوصلہ افزائی کرنے والے ان کے والد کاشف سلمان کا کہنا تھا کہ انہیں شہروز کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے۔ اللہ نے شہروز کو بے پناہ قوت سے نوازا ہے اس لیے وہ مشکل سے مشکل چیلنچز کا بھی مقابلہ کر سکتے ہیں۔دعاؤں کے سائے میں رخصت کرتے ہوئے شہروز کی والدہ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ شہروز کاشف ایک مرتبہ پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کرے گا۔اس موقع پر شہروز کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب بھی دینا چاہتے ہیں۔شہروز کے مشن کا حصہ 8000 میٹر سے بلند یہ 14 چوٹیاں کوہ پیمائی کے لحاظ سے کٹھن اور خطرناک ترین گردانی جاتی ہیں۔ ان کا یہ سفر آسان نہیں، لیکن انہیں یقین ہے کہ چٹانوں سے حوصلے اور غیر متزلزل استقامت کے سامنے کوئی چیز ناممکن نہیں۔شہروز کو اس کے مشن میں کامیابی دلانے کے لیے آپ بھی GoFundMe پر جاری فنڈ ریزنگ مہم کا حصہ بن سکتے ہیں (http://bit.ly/3lHoSAd)