اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد کے بہارہ کہو بائی پاس منصوبے پر ایک ہفتے کے دوران دوسرے بڑے حادثے میں زیر تعمیر پل کے گارڈرز گر گئے تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اس سے قبل 25 فروری کو اسی زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے تھے۔کیپٹیل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔پل کے گارڈرز گرنے کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل اور امدادی ٹیمیں موقع پرپہنچیں۔اس کے علاوہ جائے وقوع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی اور زیر تعمیر پل کے اطراف کو عوام اور ٹریفک کےلئے بند کر دیا گیا۔سی ڈی اے ترجمان کے مطابق 5 گارڈرز دو روز قبل رکھے گئے، آخری گارڈر رکھنے کے دوران گر گیا۔دوسری جانب چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ حادثہ کرین سلپ ہونے کی وجہ سے پیش آیا، منصوبے کی تکمیل کے لیے کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جارہی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ زیر تعمیر پل کے پلرز پر رکھے گارڈرز ایک کے بعد ایک دوسرے سے ٹکراتے ہوئے بالآخر زمین پر آگرے، جس کی زد میں آنے سے ایک شہری بال بال بچا۔اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ گارڈرز گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس اور دیگر ریسکیو ادارے موقع پر موجود ہیں جبکہ ہلکی ٹریفک کے بہاوکو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک اہلکار بھی موجود ہیں۔