اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )شہریوں کی ذاتی معلومات کے یقینی تحفظ کی جانب ایک انقلابی قدم بڑھاتے ہوئے نادرا نے ایک نئی منفرد سروس ”اجازت آپ کی“متعارف کرا دی جس کی بدولت ذاتی معلومات دینے یا نہ دینے کا مکمل اختیار اب شہریوں کے اپنے ہاتھ میں ہو گا اس جدید ترین سروس کی بدولت شناختی کارڈ کی تصدیق متعلقہ شہری کی رضامندی کے بعد کی جائےگی اور اس طرح یہ شہری کا حساس ڈیٹا ہمہ وقت مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔نادرا شہریوں کی معلومات کی رازداری یقینی بنانے اور اسے محفوظ رکھنے کے لئے کئی موثر اقدامات کر چکا ہے،اس نئی سروس کی بدولت اب یہ شہریوں کی ذاتی اور خاندانی معلومات صحیح معنوں میں شہریوں اپنی کی ملکیت بن جائے گی اور بلااجازت رسائی ناممکن ہو گئی ہے جو بلاشبہ ایک شاندار اقدام ہے۔ ڈیٹا کو کنٹرول کرنے کا یہ محفوظ ترین نظام شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کےلئے نادرا کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس کی بدولت نادرا اب شناختی معلومات کے تحفظ کے روایتی طریقوں سے ڈیجیٹل رضامندی پر مبنی جدید ترین نظام کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔اس نئی سروس کے اجراءپر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ شہریوں سے رضامندی کے حصول کا یہ ڈیجیٹل نظام ان کی پرائیویسی کو محفوظ رکھنے اور ڈیٹا سکیورٹی کو مستحکم بنانے کے لئے ہمارے وڑن کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا ڈیٹا آپ کی ذاتی جائیداد کی مانند ہے اور اب آپ اس تک رسائی کی اجازت دینے یا نہ دینے کے معاملے میں مکمل طور پر خودمختار ہیں اور اسے غلط استعمال سے روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔چیئرمین نادرا نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں لوگوں کا ڈیٹا ان کے اپنے خلاف استعمال ہو سکتا ہے لہٰذا ہم شہریوں کے ڈیٹا کی ملکیت ان کے اپنے ہاتھ میں دے رہے ہیں اور اسے اپنی مرضی سے استعمال کرنے کا اختیار دے رہے ہیں۔