حیدرآباد (نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نااہلوں کی بارات میں ملک کی معیشت کا جنازہ نکلا ہے، ملک میں صرف جھوٹ بک رہا ہے، جھوٹا سرٹیفکیٹ دینے والوں کو شامل تفتیش کیا جائے۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے حیدر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ملک میں سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے۔ عوام کا مسئلہ الیکشن نہیں مہنگائی ہے۔ سندھ حکومت مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے بچت بازار لگوا رہے۔ مہنگائی کے طوفان پر سب سے پہلی نظر سندھ حکومت کی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ساڑے 3 سال میں ان کی حکومت میں کتنی مرتبہ وزرا اور ایڈوائزر تبدیل کیے گئے۔ نااہلوں کی بارات میں ملک کی معیشت کا جنازہ نکلا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی نا اہلی سے تاریخی مہنگائی ہوئی۔ انہوں نے صرف تجربے کیے۔ آئی ایم ایف سے وعدے کرکے مکر گئی۔انہوںنے کہاکہ ناتجربہ کار لوگ ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں۔ عمران خان پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے۔ پہلے ملک کو دا پر لگایا اب انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو صادق و امین کا سرٹیفیکٹ دیا گیا۔ جھوٹا سرٹیفکیٹ دینے والوں کو شامل تفتیش کیا جائے۔ ملک میں صرف جھوٹ بک رہا ہے۔ عمران خان پاکستان کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے عدالتوں اور اداروں کیخلاف سازش شروع کی۔ عمران خان کو کسی دوسرے ملک سے سپورٹ مل رہی تھی۔