کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ کے دور دراز کے دیہاتوں میں کرکٹ کے ٹیلینٹ کو مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ پریمیئر لیگ ( ایس پی ایل ) کا آغاز کردیا گیا ۔ سندھ پریمیئر لیگ کی تقریب رونمائی سندھ اسیمبلی کے آڈیٹوریم میں منقعد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس شرجیل انعام میمن ، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ارباب لطف اللہ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر شہزاد میمن نے شرکت کی ۔
تقریب میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کرکٹ اسٹارز شاہد آفریدی نے ایس پی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر اور عبدالرزاق نے ایس پی ایل کے مینٹور کے طور پر شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج صوبہ سندھ کے لئے قابل فخر دن ہے ، کہ سندھ صوبہ سے ایس پی ایل کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی بات ہے کہ قومی ہیرو شاہد آفریدی کی سرپرستی میں ایس پی ایل کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے کرکٹ میں جاوید میانداد ، شاہد آفریدی ، ظہیر عباس جیسے بڑے نام دیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ سے گاؤں اور گوٹھوں سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا ۔ یہ ہمارا پروجیکٹ ہے ، سندھ حکومت اس کی بھرپور اونرشپ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ میں ہر شخص ایس پی ایل کی اونرشپ لیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی ایل کا آغاز کراچی سے ہو رہا ہے آئندہ سال ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس کا دوسرا سیزن حیدرآباد میں منقعد ہو۔ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ کی بڑی محنت ہے ، آج کا اہم دن ہے کہ ایس پی ایل کا آغاز ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس پی ایل کو سپورٹ کیا ہے ، ایس پی ایل سے سندھ کے دیہاتوں کے ٹیلینٹ کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا اور میری سندھ کے دور دراز کے علاقوں کے بچوں کو کرکٹ کی جدید تکنیک سیکھنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سیزن سے ہی ایس پی ایل کا آغاز حیدرآباد ، سکھر میں کیا جائے ، اس کو سالوں پر نہ رکھیں۔ ایس پی ایل ہمارے صوبے کے لئے اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا موٹو ہے کہ صوبہ کے عوام کو انٹرٹینمنٹ اور بزنس دینا ہے، ہم نے تھر جیپ ریلی کروائی تاکہ لوگوں کے لیے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی ایل کا مقصد ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی کرکٹ کے کھلاڑی پیدا ہوں ۔ ہماری ترجیح ہے کہ صوبہ کے دور دراز کے علاقوں میں کرکٹ کا انفراسٹرکچر بنائیں اور اداروں کی بنیاد رکھیں ۔ ہم شخصیات نہیں ادارے بناتے ہیں تاکہ دیرپا نتائج حاصل ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی ایل سے معاہدہ کیا ہے کہ سندھ میں کرکٹ اکیڈمیز بناکر دیں گے اور کرکٹ کے انٹرنیشنل کوچ لائیں گے۔ ایس پی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ ایس پی ایل کے آغاز سے وہ بہت خوش ہیں ۔ مینے بہت کوشش کی کہ سندھ میں کرکٹ کے ڈوولپمنٹ کے لیے کام کروں ، لیکن مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اب ایس پی ایل ایک بہت بڑا اقدام اٹھایا گیا ہے ، اس سے کرکٹ کے کھیل کو فروغ ملے گا اور ٹیلینٹ سامنے آئے گا۔ ایس پی ایل کے مینٹور عبدالرزاق نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ بڑی اپر چونٹی ہے ، اس کا مقصد کرکٹ کی ڈویلپمنٹ ہے انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے پلیئر کی ڈویلپمنٹ کریں گےاور ایس پی ایل کا پورا ساتھ دیں گے۔ اس موقع پر ایس پی ایل صدر ملک عارف نے بتایا کہ سندھ کے دور دراز کے علاقوں میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کے لئے مواقع کم ہیں۔ بدقسمتی سے سندھ سے صرف ایک شاہنواز دھانی نکلا ہے ایسے شاہنواز دھانی دسوں بیسوں موجود ہیں ، انہوں نے کہا کہ آئندہ دس سال میں ایس پی ایل سے 10 ہزار جاب کے مواقع پیدا ہونگے۔ سندھ پریمیئر لیگ کا آغاز کراچی سے کریں گے۔ جس کا دائرہ کار پورے سندھ میں پیھلایا جائے گا۔ اگلے سال ایس پی ایل کا سیکنڈ سیزن حیدرآباد میں منقعد کریں گے۔ سندھ پریمیئر لیگ کے لئے 6 فرینچائز بنائی گئی ہیں ۔ جس میں کراچی غازیز ، حیدرآباد بہادرز ، بینظیر آباد لالز ، سکھر پیٹریاٹس ، میرپوخاص ٹائیگرز اور لاڑکانہ چیلنجرز شامل ہیں ۔ چیئرمین ایس پی ایل ملک اسلم نے کہا کہ ایس پی ایل سے نہ صرف سندھ کے نوجوانوں کو پروموٹ کریں گے ، بلکہ سندھ دھرتی کی ثقافت کو بھی اجاگر کرنے کا موقع ملے گا ۔ اس موقع پر ایس پی ایل کی مختلف فرینچائز کی کٹس کی رونمائی کی گئی ۔