کراچی( نمائندہ خصوصی )
انڈس موٹر کمپنی کو 15ویں سالانہ کارپوریٹ سوشل ریسپانسی بیلیٹی ایوارڈز 2023میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ اینڈ سروسز کیلئے کارپوریٹ سوشل ریسپانسی بیلیٹی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ تقریب کا انعقاد قومی فورم برائے ماحول و صحت (این ایف ای ایچ) نے کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے آئی ایم سی کے ریجینل منیجر نارتھ سید ثاقب عباس کو ایوارڈ دیا۔آئی ایم سی کو مسلسل ساتویں سال اس ایوارڈ سے نوازا گیاہے جو کمپنی کے جامع معاشرے کی تشکیل کیلئے وژن اور نمایاں کردار کااعتراف ہے جس کے تحت کمپنی تعلیم، نوجوان، صحت اطفال، غذائیت، منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی فلاح وبہبود، کھیلوں کے فروغ، ماحولیاتی تحفظ اور روڈ سیفٹی کے اہداف کیلئے کوشاں رہتی ہے۔اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے آئی ایم سی کے چیف ایگزیکٹو علی اصغر جمالی نے کہا”آج کے دورمیں سماجی ذمہ داری کے بارے میں بہت زیادہ شعور پایاجاتا ہے اور متعدد کمپنیاں اس سلسلے میں بہت اچھا کام کررہی ہیں جو قابل تعریف ہے۔ہمیں اپنی سی ایس آر کے حوالے سے اقدامات اور کردار پر فخر ہے جس کا اعتراف کرنے پر ہم این ایف ای ایچ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے مزید کہا ”ٹویوٹا کے تبدیلی کے وژن ”ناممکن کو ممکن بنانا“ کے تحت ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنے حصہ کا کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں ہیں جہاں ہر فرد کی شمولیت ہو۔ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ہم جو بھی قدم اٹھاتے ہیں وہ معاشرے پر مثبت اور دائمی اثرات مرتب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہمارا سی ایس آر پروگرام ’گاڑیوں سے بالا تر مفادات“ کی جڑیں اس یقین میں ہیں جو افراد اور طبقات کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لے کر آیا ہے۔ ہم دنیا میں معنی خیز فرق ڈالنے اور ہم سب کیلئے ایک بہتر مستقبل بنانے کیلئے اپنے وسائل کے استعمال کیلئے پر عزم ہیں۔اقوام متحدہ گلوبل کمپکٹ کا توثیق کنندہ ہونے کی حیثیت سے آئی ایم سی کے اقدامات عالمی اہداف کے مطابق ہیں۔ٹویوٹا انوائرمنٹل چیلنج 2025 ایک ایسے معاشرے کے قیام کیلئے رہنمائی فراہم کرتا ہے جہاں لوگ، گاڑیاں اور فطرت ایک ساتھ رہ سکیں۔ آئی ایم سی زیادہ پائیدار معاشرے کے حصول کیلئے اپنے حصہ کا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔اتحاد تشکیل دینا آئی ایم سی کے سی ایس آر اقدامات کا ایک اہم جزو ہے جس میں فلیگ شپ ٹویوٹا گوٹھ ایجوکیشن پروگرام جو ٹی سی ایف کے اشتراک سے چلایا جاتا ہے، مفت کھانے کی تقسیم،اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ میڈیکل کیمپ، ال ابراہیمی آئی ہسپتال کے ساتھ بچوں میں اندھے پن کی روک تھام کا پروگرام اور کاروان حیات کے ساتھ ذہنی صحت کے کیمپوں کا انعقاد شامل ہے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اس لئے آئی ایم سی ضرورت مند طبقات کو مفت فوڈ راشنزکی تقیسیم کیلئے اپنی ٹیموں کو متحرک کررہی ہے۔