کراچی ( کرائم رپورٹر)کراچی پر دہشتگردوں کے حملے کا خطرہ پولیس نے ہائی الرٹ جاری کردیا پولیس ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کراچی پولیس پر حملے کی دھمکی دے ڈالی۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے جسکے بعد تمام پولیس افسران تھانہ جات اور پولیس چیک پوسٹوں پر تعینات افسران و اہلکاروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی دھمکی کے بعد پولیس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے پولیس افسران و اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس پہننے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کے حملہ آور سندھ بلوچستان کی سرحدی علاقے میں چھپے ہوئے ہیں اور کسی بھی وقت پولیس پر حملہ کیا جاسکتا ہے لہذا پولیس اہلکار تیار رہیں اور مشکوک و مشتبہ اشخاص پر گہری نگاہ رکھیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے پولیس پر حملے کی دھمکی کے بعد بلوچستان کے سرحد کے قریبی تھانہ جات موچکو، سعید آباد ، منگھوپیر ، سرجانی ٹاؤن ، گلشن معمار و دیگر تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں جبکہ شہر بھر میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر پولیس کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔