کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹس اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف آج سے صوبے بھر میں سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے ، کوئی اثر رسوخ اور سفارش کام نہیں آئے گی ، حکومت عوام کو پریشان کرنا نہیں چاہتی ، بہتر ہے شہری ایس او پیز پر عمل کریں اور خود ہی چیزوں کو ٹھیک کرلیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسیمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے ایک ہے ، کوئی قانون سے بالاتر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس یافتہ اسلحہ ساتھ رکھ سکتے ہیں ، لیکن کوئی اس کی نمائش نہیں کرسکتا اور اسلحہ کی نمائش سے شہریوں کو خوف میں مبتلا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ٹائیگرز کو اچھی پیشکش کی ہے ، وہ اپنے جیل بھرو تحریک کے تہوار کو سندھ میں بھی خوب طریقے سے منائیں ، انہیں پک اینڈ ڈراپ سروس بھی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز ، پارلیمنٹرین اور چاہنے والے نام لکھوائیں ، اگر ہمیں نام نہیں دینا چاہتے تو میڈیا کو بتادیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں ۔ سندھ میں ایک شخص نہیں جوکہ ان کے اعلان پر لبیک کہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان خود کو عالمی رہنما کہتے ہیں اور ان کے برطانیہ اور پوری دنیا میں بڑے پیروکار اور چاہنے والے ہیں اس لئے جیل بھرو تحریک کی ایک شروعات برطانیہ سے بھی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وہاں جیل بھرو تحریک کی شروعات اپنے گھر سے کریں اور اپنے تینوں بچوں کو جیل بھرو تحریک کے لئے آگے کریں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عظیم رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو، جس نے ملک کو آئین دیا ملک کو جوہری طاقت دی ، ان کا عدالتی قتل کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اس عدالتی قتل پر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا ، لیکن سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دینے کے لیے وقت نہیں ۔ جبکہ چھوٹے موٹے معاملات پر فوری طور پر سو موٹو لے لیا جاتا ہے اور اس کی روزانہ کی بنیاد پر سنوائی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاڈلوں کو جہاں جہاں ریلیف دینا ہوتا ہے تو عدالتیں رات بارہ بجے اور اتوار کے روز بھی کھل جاتی ہیں ۔ اس میں چند لوگ مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جوڈیشل ایکٹوزم کا سب سے زیادہ شکار بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عدالت کے فیصلوں پر تنقید ضرور کی ہے لیکن کبھی عدلیہ کو نشانہ نہیں بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ملک نہیں چلتے۔ یہ ملک میں الارمنگ صورتحال ہے۔ ڈجیٹل مردم شماری کے سوال پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی ، جس کے تحت ڈجیٹل مردم شماری کے عمل کو شفاف طریقے سے یقینی بنایا جائے اور اس معاملے پر کسی سے سیاسی اختلاف نہیں ہے ۔