کراچی(نمائندہ خصوصی) سینئرتجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد مسلم لیگ (ن)کو سیاسی نقصان پہنچا ‘پی ٹی آئی زیادہ مقبول نظرآتی ہے‘ن لیگ پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں ہارکے ڈر سے انتخابات نہیں کرانا چاہتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار منیب فاروق ‘معیز جعفری ‘نجم سیٹھی اور ابراہیم حسن مراد نے جیو نیوزکے پروگرام ’’نیاپاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ ‘‘میں میزبان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینئر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ن لیگ کو سیاسی نقصان پہنچا ہے، ضمنی انتخابات کے نتائج دیکھیں تو پی ٹی آئی زیادہ مقبول نظر آتی ہے۔سینئر تجزیہ کار معیز جعفری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی بات غیرآئینی ہے کہ وفاقی حکومت کے ہوتے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات نہیں ہوسکتے ۔ن لیگ پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں ہارکے ڈر سے انتخابات نہیں کرانا چاہتی ہے۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل پر پی سی بی اور پنجاب حکومت کے معاملات طے پاگئے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکر گزار ہوں، پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا‘پی سی بی جوا خراجات کرے گا اسے منظرعام پر لانے کی ضرورت نہیں ہے، لائٹنگ کا مسئلہ پیچیدہ ہے جسے مل بیٹھ کر حل کرلیا ہے، پی ایس ایل کے آئندہ ٹورنامنٹس کیلئے بھی راستہ طے کرلیا ہے، پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر لائٹیں خریدیں گے‘پنجاب حکومت کا موقف تھا کچھ سڑکوں پر اضافی سکیورٹی کی ضرورت ہے‘پنجاب حکومت نے پیشکش کی دن میں میچز کروالیں کچھ چارج نہیں کریں گے۔