کراچی(نمائندہ خصوصی) ملک میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ خریداری کے رجحان میں اضافہ ہورہاہے اور جنوری میں کریڈٹ کے ذریعہ خریداری کے حجم میں سالانہ بنیادوں پر33.5فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جنوری میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے زریعہ 87ارب روپے کی خریداری کی جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 33.5فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال جنوری میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے زریعہ 65ارب روپے کی خریداری کی تھی۔دسمبر2022کے مقابلہ میں جنوری میں کریڈٹ کے زریعہ خریداری کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پرکوئی اضافہ نہیں ہوا جبکہ دسمبر میں بھی صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ 87ارب روپے کی خریداری کی۔