اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کے معاملے پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف اپنے فیصلے ڈٹ گئے اور پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف کے جن ارکان کے استعفے منظور ہوچکے وہی فیصلہ حتمی ہے، 35 میں سے کسی بھی رکن کو (آج) پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حکام قومی اسمبلی کے مطابق مستعفی پی ٹی آئی رکن نے ایوان میں آنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، لاہور ہائیکورٹ یا الیکشن کمیشن نے کسی پی ٹی آئی رکن کوبحال نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے صرف ضمنی انتخابات کا اپنا نوٹیفیکیشن معطل کیا ہے۔ذرائع قومی اسمبلی نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی اسپیکر کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کو معطل نہیں کیا اور الیکشن کمیشن نے بھی کسی بھی تحریک انصاف رکن کی رکنیت بحال نہیں کی۔ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف عدالتی فیصلے کی اپنی مرضی سے تشریح کررہی ہے۔دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس کا (آج)پیر کو دوروزہ وقفے کے بعد دوبارہ ہوگا۔ شام چار بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کرینگے ۔