کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملکہ الزبتھ دوم ملکہ برطانیہ کی تخت نشینی کے ستر برس مکمل ہونے پربرطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن کے تحت کراچی میں ملکہ کی سالگرہ اور پلاٹینم جوبلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔96 سالہ ملکہ الزبتھ دوم کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے۔
تقریب میں غیر ملکی معززین اور مشہور شخصیات نے شرکت کی اورملکہ برطانیہ کی 70 سالہ خدمات پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر اور ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نیتھوریناکیس تقریب کے میزبان تھے۔برطانوی ہائی کمشنر برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنرنے مہمانوں کو ملکہ برطانیہ کی عوامی خدمات پرروشنی ڈالی اوران کے1961 میں دورہ پاکستان کے دوران ملکہ کی کیڈیلک کارکی سواری کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت کے طورملکہ کی کیڈیلک کار آج بھی احاطے میں کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات برطانیہ سمیت مختلف ملکوں اور دولت مشترکہ کے ممالک میں منائی جارہی ہے
اورملکہ کی 70 سالہ خدمات کوسراہا جارہا ہے کراچی میں تقریبات کا انعقاد پاکستان اور برطانیہ کے 75 سالہ دوطرفہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر سی ایم جی نے کہا کہ ملکہ کی 70 سالہ قیادت دیانت، محنت اور بے لوث خدمات کی آج پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، ہمیں ان کی سالگرہ، اس کی پلاٹینم جوبلی اور برطانیہ اور پاکستان کے گہرے تعلقات پر فخر ہے۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات کو ہر سطح پر آگے بڑھانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کارلائیں گے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارتی ،سیاحتی تعلیمی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔