اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ان کے یوکرینی ہم منصب ولادی میر زیلنسکی نے ٹیلی فون پر کیا ہے۔اپنی گفتگو کے دوران دونوں صدور نے پاکستان اور یوکرین کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ روس، یوکرین جنگ کے تناظر میں ترقی پذیر دنیا کو درپیش توانائی اور خوراک کے مسائل پر گفتگو کی گئی، صدر زیلنسکی نے صدر علوی کو یوکرین کے دورے کی دعوت بھی دی۔دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ مفاد کیلئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، صدر زیلنسکی نے صدر علوی کو اپنے دس نکاتی امن فارمولے کا حوالہ دیتے ہوئے روس، یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے یو این جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے پر پاکستان کی حمایت کا کہا۔صدر عارف علوی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ روس، یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، حکومت پاکستان کی طرف سے مجوزہ قرارداد کے مندرجات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔