اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریبات منانے کا مقصد اس دستاویز کی ناقابل تردید اہمیت کو اجاگر کرنا اور شہریوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین شہریوں کے حقوق اور کسی بھی قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا ضامن ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے زور پارلیمنٹ ہاو¿س میں گولڈن جوبلی کی تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے قائم مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مشاورتی کمیٹی نے آئین کے بنیادی حدود وقیو کے بارے میں خصوصی کتابچہ کے اشاعت، آئین کے بارے میں کوئز مقابلے، پارلیمنٹ کے مجوزہ مشترکہ اجلاس کےلئے شرکاءکی فہرستوں ، آئینی یادگار کی تعمیر اور متعلقہ مواد کی اشاعت اور نشر کرنے سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے جائزہ لیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئینی یادگار کی تعمیر کے منصوبے کو اس کی دستاویز کی کلیدی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے نمٹا جائے اور پائیداری پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے مشاورتی کمیٹی نے مجوزہ یادگار کا دورہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ مزید برآں، کمیٹی نے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں 10 اپریل کو آئین کے دن کے طور پر منانے کی تجویز پیش کی۔ اجلاس میں سپیکر راجہ پرویز اشرف اور کنوینر مشاورتی کمیٹی سینیٹر میاں رضا ربانی، اعلی حکومتی عہدیداروں کے علاوہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔