اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات فیصل بھٹی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گستاخ بھارت کو امن اور پیار کی بھاشا سمجھ نہیں آتی، پاکستان کی فضائی حدود سمیت بھارت کے ساتھ یا بھارت کی پاکستان سے ہر قسم کی ٹریڈ اور راہداری فوری بند ہونی چاہیئے۔
فیصل بھٹی نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مسلم لیگ قیوم کی جماعت کو ماضی میں بھارت کو تاریخی سبق سکھانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گستاخ بھارت نے معافی نہ مانگی اور اپنی حد میں واپس نہ آیا تو بھارت 21 اکتوبر 1947 کا وقت یاد رکھے جب قائداعظم محمد علی جناح کے ایک اشارے پر خان قیوم خان نے 4000 افراد پر مشتمل قبائلی لشکر تشکیل دیا تھا جو کشمیری بہن بھائیوں کی مدد کے لیے سر پر کفن باندھ کر کشمیر کے میدان جنگ میں اس وقت اترا تھا جب مسلمان نیہتے تھے اور بھارت جدید اسلحے کے ساتھ کشمیر پر قبضے کی غرض سے حملہ آور ہوا تھا اور قبائلی عمائدین کے لشکر نے بھارت کو سبق سکھاتے ہوئے کشمیر کا وہ حصہ آزاد کروایا تھا جو آج ہمارے ساتھ آزاد کشمیر کے نام سے شامل ہے۔
مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات فیصل بھٹی نے بھارتی حکمران جماعت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور دشمن کی آنکھیں نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے بھارت اپنی زبان کو لگام دے اور الفاظ کو ناپ تول کر استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت امت مسلمہ سے فوری معافی مانگے۔ فیصل بھٹی نے کہا کہ مسلمانوں کو بھارت کی دہشت گرد حکمران جماعت بی جے پی کے بیان سے جو تکلیف پہنچی ہے اس کا نتیجہ بہت بھیانک ہو سکتا ہے۔