کراچی( کرائم رپورٹر )
کراچی پولیس آفس پر جمعے کو دہشتگردوں کے حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ملوث دہشتگردوں کا سہولت کار گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر گزشتہ شب کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے علاقے میں کارروائی کی۔ اس چھاپہ مار کارروائی میں کے پی او پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کے سہولت کار کو حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم کے پی او پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کا براہ راست سہولت کار تھا۔ اس سے مزید تفتیش بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں اہم شواہد ملنے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ جمعے کی شام صدر میں واقع کراچی پولیس ہیڈ آفس پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کو سیکیورٹی فورسز نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا۔
اس آپریشن میں دو دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے گئے تھے جب ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔
حملے میں رینجرز اور پولیس کے 3 اہلکار شہید اور ایک خاکروب جاں بحق ہوا تھا۔ اس حملے کی ذمے داری سوشل میڈیا کے ذریعے کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی۔اس دہشتگرد واقعے کا مقدمہ آج صبح سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا تھا جس میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ہلاک 3 دہشتگردوں سمیت 5 دہشتگردوں کو نامزد کیا تھا۔