حیدرآباد( نمائندہ خصوصی )وزیر اطلاعات,ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی کوششوں سے محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ کی جانب سے آج ایس آر ٹی سی بس ٹرمنل قاسم آباد میں حیدرآباد کی خواتین کے لیے جدید سفری سہولیات سے لیس پنک پیپلز بس سروس کا افتتاح قومی اسمبلی کی ممبر شگفتہ جمانی,وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی تنزیلہ قمبرانی اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ عبدالحلیم شیخ نے کیا – اس موقع پر افتتاحی تقریب میں ایم ڈی ماس ٹرانزٹ زبیر احمد چنہ,ایڈیشنل کمشنر حیدرآباد سرہان اعجاز ابڑو,ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قائم اکبر نمائی کے علاوہ پی پی پی لیڈیز ونگ و سماجی تنظیموں کی خواتین نے شرکت کی – میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے ایم این اے شگفتہ جمانی نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے پنک پیپلز بس سروس کا آغاز ایک خوش آئند قدم ہے – انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی ,سکھر کے بعد اب حیدرآباد میں بھی پنک بس سروس کا افتتاح کیا ہے اور حیدرآباد میں پنک پیپلزبس سروس کے ذریعے خواتین کو جدید سفری سہولیات میسر آسکیں گی – انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طورحیدر چوک سے ہٹری بائی پاس تک دو پنک بسیں چلائی جائیں گی جس کے ذریعے کالج و اسکول اور دفاتر کو جانے والی خواتین سفر کرسکیں گی- انہوں نے کہا کہ بس میں معذور خواتین کے لیے بھی خصوصی سیٹوں کا بھی انتظام کیاگیاہے- بعد ازاں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پیپلزبس سروس کے روٹس میں اضافہ کیاجائیگا جس کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے – ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بس کا کرایہ 50 روپے مقرر کیاگیا ہے-انہوں نے پنک پیپلز بس سروس کے روٹس سے متعلق بتایاکہ یہ بس حیدر چوک ، گل سینٹر، ٹھنڈی سڑک ، وحدت کالونی ، سندھ میوزیم ، قاسم چوک ، پٹھان کالونی ، سینٹرل جیل ، ہالا ناکہ ، اسرا اسپتال سے گذر کر ہٹری بائی پاس پہنچے گی،