اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی ترقی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور معاشی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مختلف بین الاقوامی فورمز پر برادر ملک سعودی عرب کا پاکستان کے موقف کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں سٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں برادر ملک اس سے استفادہ کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی عوام خادمین حرمین شریفین کی اچھی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا گو ہیں۔ اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔