اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اے این ایف نے ملک بھر میں منشیات کے خلاف کاروائیاں جاری رکھتے ہوے پشاور،راولپنڈی،ملتان اور کراچی میں چار ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات قبضہ میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے باچہ خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور فلائٹ نمبر ER 751 سے شارجہ جانے والے2 ملزمان سے 127 گرام چرس برآمد کر لی ،کرک کے رہائشی دونوں ملزمان نے منشیات اپنے جوتوں میں چھپائی ہوئی تھی جنہیں گرفتار کرلیاگیا،دوسری کارروائی کے دوران راولپنڈی ڈیلی میل آفس میں قطر بھیجے جانیوالے پارسل سے 70 گرام ہیروئین برآمد کی گئی ،برآمد شدہ منشیات کو ہارڈ پیپر پیک میں چھپایا گیا تھا ملزم کوموقع سے گرفتار کر لیا۔ تیسری کارروائی میں ملتان ایئرپورٹ روڈ کے قریب ملتان کے رہائشی ملزم سے 1 کلو 800 گرام چرس اور 104 گرام ہیروئین قبضہ میں لے کر ملزم کو گرفتار کرلیا ۔چوتھی کارروائی میں کراچی گارڈن ٹاون کے قریب کراچی کے رہائشی 2 ملزمان سے 1 کلو آئس برآمد کر لی ۔ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ،۔