کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے کراچی میں واقع ترکیہ کے قونصل خانہ جا کر ترکی میں حالیہ آنے والے زلزلہ میں شہید ہونے والوں کیلئے وائس قونصل جنرل علی فواد سے تعزیت کی اور سندھ اسکاؤٹس کی ریسکیو ٹیم کی خدمات پیش کیں ۔وفد کی قیادت اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) سید حسن فیروز نے کی جبکہ ان کے ہمراہ انٹرنیشنل کمشنر ڈاکٹر محفوظ یار خان ، صوبائی سیکریٹری سید اختر میر ، صوبائی خازن محمد حسین مرزا ،نائب صوبائی سیکریٹری فرقان احمد یوسفی بھی موجود تھے۔وفد نے ترکی میں زلزلہ کےباعث شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی اور شہادتوں اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر قونصل جنرل کو اسکاؤٹس کی خدمات بھی پیش کی گئیں ۔ نائب قونصل جنرل علی فواد نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی ریسکیو ٹیم نے حال ہی میں سندھ کے اسکاؤٹس کو ریسکیو کی تربیت بھی فراہم کی تھی ۔ ترکی اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں ہم پاکستانی قوم بالخصوص اسکاؤٹس کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ترک ایک مضبوط قوم ہے اور بہت جلد اپنے قائدرجب طیب اردگان کی قیادت میں کھڑی ہوگی ۔بعد ازاں وفد نے ترکیہ قونصل خانہ میں موجود تاثرات کی کتاب پر تعزیتی ریمارکس بھی تحریر کئےاس موقع پر ترکیہ قونصل خانے کے ترجمان حمزہ بھی موجود تھے ۔