کراچی (بیورورپورٹ ) پاکستان فوری طور پر بھارتی سفیر کو ملک بدر کرے۔ تمام بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا سرکاری اعلان کیا جائے۔ بھارت سے تجارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔ مودی حکومت کی ترجمان کی بکواسات سے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی۔ حرمت رسول ﷺ پر مسلمان جان نچھاور کرنا فخر سمجھتا ہے۔ تمام اسلامی ممالک کے سربراہان اپنے اپنے ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔ توہین رسالت کرنے والے مکروہ عناصر دنیا و آخرت میں ذلیل و رسوا ہونگے۔ حکومت پاکستان بھارت سے جواب طلبی کرے۔ مسلمان مر سکتا ہے مگر آقائے نامدار ﷺکی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا ظہار جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما،امیر ضلع کیماڑی قاری محمد عثمان، سید اکبر شاہ ہاشمی، مفتی فیض الحق، مولانا عبدالحئی مطمئن، مولانا عظیم اللہ عثمان، مولانا محمد حامد اور دیگر نے جے یوآئی اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام شیرشاہ چوک پر عظیم الشان احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قاری محمد عثمان نے کہا کہ آج کا عظیم الشان مظاہرہ ہندوستان میں مودی حکومت کی ترجمان کی جانب سے حضور اکرم ﷺکی شان میں کی گئی گستاخی کے خلاف نفرت کا اظہار ہے۔ پاکستان بھر میں مولانا فضل الرحمن کے حکم پر پورا ملک سراپائے احتجاج ہے۔ سندھ کے 30 اضلاع کے ہیڈ کوارٹرز میں آج مظاہرے ہورہے ہیں۔ قاری محمد عثمان نے کہاکہ ہم اپنے سابقہ تمام ریکارڈ توڑیں گے۔ ہمارا احتجاج دنیا بھر کے مسلمانوں کی ترجمانی کرتے ہوئے جذبات کا اظہار ہوگا۔ انہوں نے مسلم سربراہان سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مسلم ممالک ہندوستان سے تجارتی تعلقات ختم کریں۔ تمام اسلامی ممالک کے سربراہان اپنے اپنے ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کریں۔ بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔جب تک مودی حکومت مسلم امہ سے معافی نہیں مانگے گی مسلمانان عالم سراپا احتجاج ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے سربراہان ثابت کریں کہ وہ مسلم امہ کے نمائندے اور ترجمان ہیں۔ اپنے ممالک کے مسلمانوں کے نمائندے ہیں غیر کے نمائندے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گستاخ طبقے پر کڑی نظر رکھی جائے۔ نرمی نہ برتی جائے۔ دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جب تک مودی حکومت امت مسلمہ سے باضابطہ آفیشل طریقے سے معافی نہ مانگے تب تک بھارتی سفارتخانے بند رکھے جائیں۔ جس حکومتی ترجمان نے حضور اکرم ﷺکی شان میں گستاخی کی ہے اسے فوری طور پر عالمی قوانین کے مطابق عبرت ناک سزا دیگر نشان عبرت بنایا جائے، اور خود بھارتی عدالت سے بھی قرار واقعی سزا دی جائے۔ان رہنماؤں نے کہا کہ کراچی جانثاران مصطفی ﷺکا شہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر آج کی حکومت نے اس پر نوٹس نہ لیا، 22 کروڑ مسلمانوں کے احساسات کی نمائندگی نہ کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ مظاہرے سے شیرشاہ کالونی کے ائمہ مساجد، جے یوآئی کے رہنماؤں مولانا سید عبدالسلام شاہ، مفتی نثار، حافظ محمد نعیم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔