چیچہ وطنی(نمائندہ خصوصی)چیچہ وطنی کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس میں دھماکہ کے نتیجہ میں خاتون مسافرجاں بحق جبکہ دو خواتین اور سات سالہ بچی سمیت سات افراد زخمی ہوگئے ہیں، ایس ایچ او تھانہ صدر اللہ دتہ کے مطابق دھماکہ صبح 7بجکر 28منٹ پراکانومی کلاس کی بوگی نمبر4 کے باتھ روم میں ہوا،دھماکہ کی نوعیت جاننے کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ ،سی ٹی ڈی اور دیگر ایجنسیاں موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردیا ہے، تاہم ابھی تک دھماکہ کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ۔ دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا ہے۔ زخمیوں کو بوگی کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی مسافر کی حالت تشویشناک ہے،سرچ آپریشن کے بعد متاثرہ بوگی کو علیحدہ کرکے 4. گھنٹے کے بعد ٹرین کی دیگر بوگیوں کو کلئیر قرار دیکر منزل مقصود کیلئے روانہ کیا گیا ہے،آر پی او محبوب رشید اور ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد موقع پر پہنچے ۔ مرنیوالی خاتون کی شناخت 60 سالہ نذیراں بی بی زوجہ اکبر کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 2سالہ ایمان فاطمہ دختر عمران علی،6سالہ نورفاطمہ دخترعمران علی،40سالہ ارم بی بی زوجہ ادیب، 27سالہ عمران علی ولد اکرم، 35سالہ صفیہ بی بی زوجہ عمران 30سالہ اسلم ولد اکبر علی سکنائے صادق آباد اور ایک 55سالہ نامعلوم خاتون شامل ہیں۔