کراچی( نمائندہ خصوصی ) کوہستان کے ايسرانی پریوار کی کاج کی تقریب گذشتہ رات ڈیفینس کراچی میں منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور گیان چند ایسرانی کے بھتیجوں اور سابق صوبائی وزیر دیا رام ایسرانی کے صاحبزادوں لچھمن داس اور اکشے کمار کے کاج کی تقریب میں محترمہ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے شرکت کی ۔جبکہ دیگر شرکا میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو، چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سھیل راجپوت، آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی شریک تھے ۔ سردار ملک اسد سکندر خان، صوبائی وزیر گیان چند ایسرانی، سردار زادہ ملک سکندر خان، ملک شاہنواز خان اور دیا رام ایسرانی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ علاوہ ازیں تقریب میں سندھ کابینہ کے وزراء، مشیران، وفاقی وزراء، ایم این ایز، سینیٹرز، کمشنرز، ڈی آئی جیز، صوبائی سیکریٹریز، ایس ایس پیز، ڈپٹی کمشنرز ،سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے سرداروں ، پاکستان پارٹی کے رہنماؤں، سیاسی، سماجی، صحافتی اور کاروباری شخصیات اور ہزاروں کی تعداد میں کوہستانیوں نے شرکت کی۔