اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حکومت پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بیورو آف ملٹری اکویپمنٹ ٹیکنیکل کوآپریشن (بومیٹیک)، عوامی جمہوریہ چین، جنرل فان جیانجن، کو آج انکے ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد کے دورہ کے دوران ہلال امتیاز (ملٹری) کے اعزاز سے نوازا۔ جنرل فین کو یہ ایوارڈ پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کی بھرپور کوششوں اور اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔ ان کی انہی کاوشوں کی بدولت علاقائی طاقت کا توازن ممکن ہوا۔معزز مہمان نے ایئر چیف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور سمیت علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان ایئر فورس کی جدید آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے اپنے وژن کے وسیع منصوبوں کا ذکر کیا اور پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے موجودہ آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ اور عصر حاضر کے عسکری اصولوں کے مطابق خاص طور پر آرٹیفشل انٹیلیجنس، سائبر اور اسپیس کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ ایئر چیف نے معزز مہمان کو جدید رجحانات کے مطابق پاک فضائیہ کے آپریشنل ڈھانچے کی بہتری کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
ایئر چیف نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور بے مثال تزویراتی شراکت داری قائم ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور پیپلز لیبریشن آرمی ائیر فورس کے مابین فوجی تعاون اور تربیتی شعبوں میں موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ "پاکستان چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی، دفاعی تعلقات اور لازوال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔” ایئر چیف نے چین کی جانب سے پاک فضائیہ کو خود کفیل تکنیکی قوت بنانے کے عمل میں بطور تزویراتی شراکت دار اپنا کردار ادا کرنے اور جدید منصوبوں کی تکمیل میں فراہم کردہ مدد پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
جنرل فان جیانجن نے ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازے جانے پر ائیر چیف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی یونہی جاری و ساری رہے گا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور گزشتہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کو سراہا۔ جنرل فین نے پاک فضائیہ کو جدت کی طرف لے جانے میں سربراہ پاک فضائیہ کی کوششوں کو سراہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا وژن قابل ستائش ہے۔ انہوں نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور عسکری صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔