گوادر( بیورو رپورٹ ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں،ہر گز کوتاہی نہ برتی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس اتوار کو ہوا جس میں انسداد دہشت گردی اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔اجلاس میں وزیر داخلہ کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکریٹری بلوچستان ، آئی جی بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات لئے جائیں،ان اقدامات پر عملدرآمد میں ہر گز کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوںنے کہاکہ چینی باشندوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے، سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کا ایک فیصد سیکیورٹی کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ترجیحی بنیادوں پر سیکیورٹی اداروں میں خالی آسامیوں کو پر کیا جائے،سیکیورٹی اداروں کی بھرتی میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے۔وزیر داخلہ، وزیر اعظم کی ہدایت پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف شہروں کے دورے پر ہیں