کراچی (کامرس رپورٹر) چیئرمین آل سٹی تاجر ایسوسی ایشن رجسٹرڈ ،چیئرمین آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن، صدر: کراچی ٹمبر مرچنٹس گروپ شرجیل گوپلانی نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیفرمنٹ کی ادائیگی کو ایمنسٹی اسکیم کا درجہ دیا جائے۔ اس کے ساتھ جو خام مال بھی باہر سے منگوایا جاتا ہے، جو پاکستان میں دستیاب نہیں ہے، اسے ایس ایچ او رائٹ اپ میں ڈال کر اسے درامد کی اجازت دی جائے، آئی ایم ایف کا قرضہ ادا کرنے کے لیے سیلانی فائونڈیشن کے علامہ بشیر فاروقی صاحب اور اخوت فائونڈیشن کے ڈاکٹر امجد ثاقب جیسے لوگوں کے ذریعے اسٹیٹ بینک میں ایک اکائونٹ بنایا جائے، جس میں عوام کو قرض اتارنے کے لیے ترغیب دی جائے اور قرض اتارنے کے لیے سونا، چاندی اور غیرملکی کرنسی جمع کرائیں۔ ایسے لوگوں کو سرکاری اعزازیہ دیا جائے جو اس اکائونٹ میں رقم جمع کرائیں۔ اس طرح فوری طور پر آئی ایم ایف کا قرض اتارنے کا انتظام کیا جائے، اور آئندہ اس ملک کے لیے جو بھی سرکاری عہدے پر آئیں، وہ حلف اٹھائیں کہ سود پر کسی سے بھی قرض نہیں لیں گے۔
شرجیل گوپلانی نے مزید کہا کہ تمام وزیروں کی سرکاری مراعات ختم کی جائیں، تمام اراکین اسمبلی کی تنخواہ عام مزدور کے برابر کی جائے۔ اس کے علاوہ صوبائی اور وفاقی عہدیداروں کے پاس جتنی گاڑیاں ہیں، انہیں پبلک کیا جائے تاکہ عوام کو بھی پتا چلے کہ ان کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نواز شریف کے دور میں متعارف کرائی جانے والی قرض اتارو ملک سنوارو اسکیم کے تحت جمع ہونے والی رقم کا حساب بھی فوری طور پر عوام کو دیا جائے۔
عوام ناقابلِ برداشت مہنگائی، ہولناک بیروزگاری اور اذیتناک بلدیاتی عذاب سے دوچار ہے، کاروبار تباہ ہونے سے بیشتر دکاندار کارخانے داروں اور کارخانے دار خام مال کے بیوپاریوں کے مقروض ہوگئے۔
شرجیل گوپلانی نے مزید کہا کہ زندگی کی بنیادی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑگئے، روزانہ کی بنیاد پر اشیاء کی لاگت بڑھنے سے مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام برقرار نہ رکھا جاسکا، انھوں نے کہا کہ بیروزگاری، مہنگائی، مندی اور کساد بازاری نے عوام اور تاجروں کو بدحواس کردیا۔ پریس کانفرنس میں محمد احمد شمسی (جنرل سیکریٹری) یعقوب بالی (سینئر نائب صدرآل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) فیصل جان کبیر (صدر آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) سید محمد سعید (نائب صدرآل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) زاہد امین (صدر آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) طارق ممتاز(نائب صدر آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) محمد زبیر علی خان(جوائنٹ سیکریٹری آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) حافظ محمد طیب‘ حسیب اخلاق، چوہدری ایوب،عاطف شیخ،اسلم قریشی، عثمان صدیقی (فنانس سیکریٹری آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) ظفر خان (کورنگی بچت بازار) زبیر علی خان (جوائنٹ سیکریٹری آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن) وغیرہ نے بھی شرکت کی۔