اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا مواخذہ قریب آرہا ہے تو جلسے جلوس شروع کردیئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے بہت ساری ریڈ لائنز کراس کرلی ہیں، انہوں نے آئین توڑا اور ریاستی اداروں پر حملے کئے، سائفر کے ساتھ عمران خان نے جو کھیل کھیلا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیے اس لیے جب قانون حرکت میں آئے گا تو پھر وہ جتنا مرضی بڑا جلسہ کریں گرفت میں آئیں گے، عمران خان کا مواخذہ قریب آرہا ہے تو اب انہوں نے جلسے جلوس شروع کردیئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے کلیدی مفادات سے ایسا گھناﺅنا کھیل کھیلنے کی مثال نہیں ملتی،عمران خان نے پاکستان کا جو نقصان کیا وہ ناقابل تلافی ہے، ہم اس کی تحقیقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کو جوڈیشل کمیشن کے لئے خط لکھا تھا،اگر نہیں بنا تو، سپریم کورٹ نے واضح لکھا ہے کہ عمران خان حکومت سازش کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ، نیشنل سکیورٹی کمیٹی ، وزارت خارجہ اور انٹیلی جنس ایجنسیاں کہہ رہی ہے کہ کوئی سازش نہیں۔