اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں غذائیت اور پسماندہ طبقات کی سماجی ترقی کے لئے پاکستان پاورٹی ایلیؤئیشن فنٖڈ (پی پی اے ایف) اور نیوٹریشن انٹرنیشنل نے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں اداروں نے مفاہمت کے ایک معاہدے (ایم او یو) پر دستخط کئے جس کی رو سے دونوں ادارے پاکستان بھر خصوصاً ملک کے پسماندہ علاقوں میں محروم طبقات کی بہتری کے لئے مشترکہ کاوشیں کریں گے۔ پی پی اے ایف کی جانب سے چیف آریٹنگ آفیسر نادر گل بڑائچ اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے ادارے کی کنٹری ڈائریکٹر شبینہ رضا نے معاہدے پر دستخط کئے۔ نادر گل بڑائچ نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں حاملہ خواتین میں غذائیت کی کمی اور کمزور بچوں جن کے قد معمول سے چھوٹے رہ جاتے ہیں، کی بڑی تعداد میں ولادت ایک اہم مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے ہر سطح پر مشترکہ کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی اے ایف، نیوٹریشن انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر ان مسائل کے حل اور محروم طبقات کی غذائی ضروریات کے حوالے سے صورتحال میں بہتری لانے کے لئے پر امید ہے۔ نیوٹریشن انٹرنیشنل کی ڈاکٹر شبینہ رضانے اس موقع پر کہا کہ پی پی اے ایف کے ساتھ اشتراک عمل سے ہمیں عورتوں اور بچوں کی فلاح و بہود کے لئے اپنی کاشوں کو مزید تقویت دینے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ معاہدے کے تحت نیوٹریشن انٹرنیشنل غذائیت میں بہتری کے حوالے سے ٹیکنیکل معاونت مہیا کرے گی جبکہ پی پی اے ایف ملک بھر ان طبقات کی نشاندہی اور ان تک رسائی میں سہولت بہم پہنچائے گا جنہیں غذا اور غذائیت اور سماجی ترقی کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے اور ان کے حل کے لئے فوری معاونت کی ضرورت ہے۔