اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غو ث پاشا نے کہاہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں حکومت کی پوری کوشش ہے عام آدمی متاثر نہ ہو اور بجلی ٹیرف یا ٹیکس کا زیادہ بوجھ صاحب ثروت لوگوں پر ڈالا جائے گا، نئے اقدامات کا عام آدمی پر کم از کم بوجھ ڈالا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان کے مابین مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ا ور حکومت اتفاق رائے کے لیے پرامید ہے، بہت سے معاملات پر فریقین میں اتفاق رائے ہوگیا ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر کی ملاقات ہوئی اور اس موقع پر مختلف معاملات زیر بحث آئے اور قرضہ پروگرام کی معاشی پالیسی اصلاحات پر عملدرآمد پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بدھ کو ایم ای ایف پی(میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز) مسودہ پاکستانی حکام کے ساتھ شیئر نہیں کیا، ادھرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کےمابین مذاکرات اب اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، جلد معاہدہ ہوجائے گا، فریقین کے مابین مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزیراعظم سے فیصلوں کی منظوری لے لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عام آدمی متاثر نہ ہو اور بجلی ٹیرف یا ٹیکس کا زیادہ بوجھ صاحب ثروت لوگوں پر ڈالا جائے گا ، نئے اقدامات کا عام آدمی پر کم از کم بوجھ ڈالا جائے گا۔