کراچی(نمائندہ خصوصی)
پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن اور کانفرنس (PIMEC) کی میڈیا بریف آج کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت بحری امور(MoMA) اسد رفیع چندنا کے ہمراہ PIMEC کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی۔پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن اور کانفرنس کا پہلا ایڈیشن 10 سے 12 فروری 2023 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔ نمائش میں133 مقامی و بین الاقوامی ادارے اور کمپنیز کے نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں 21 غیرملکی اور 112 ملکی ادارے اور کمپنیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بحرین، سعودی عرب، قطر، عمان، ترکی، برطانیہ، اٹلی، جرمنی، پرتگال، امریکہ، کولمبیا، سری لنکا، ملائیشیا، گیمبیا، گنی بساؤ، ماریشس، مڈغاسکر، سیشلز اور قازقستان سمیت 17 ممالک کے 37 بین الاقوامی وفود بھی شرکت کریں گے۔نمائش کا اہم پہلو سندھ اور بلوچستان حکومتوں کی فعال شرکت ہے جن کی جانب سے نمائش میں خصوصی پویلین قائم کیے گئے ہیں جس کا مقصد ملکی میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔میری ٹائم نمائش، PIMEC میں بزنس ٹو بزنس (B2B) اور بزنس ٹو گورنمنٹ (B2B) میٹنگز، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور میڈیا نمائندگان سے بات چیت شامل ہوگی۔ نمائش کے بنیادی مقاصد میں پاکستان کی بلیو اکانومی کی صلاحیت کو اجاگر کرنا اور میری ٹائم انڈسٹری کے پبلک اور پرائیویٹ دونوں شعبوں کو ایک فورم پر مصنوعات کی نمائش کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ PIMEC مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے بین الاقوامی میری ٹائم انڈسٹری کے ساتھ بات چیت کا ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔ علاوہ ازیں یہ نمائش پاکستان کی میری ٹائم اور دفاعی صنعتوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔میری ٹائم نمائش کے ساتھ ساتھ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر اہتمام ایک انٹر نیشنل میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد کی جارہی ہے۔ کانفرنس کا عنوان ‘ بلیو اکانومی کا فروغ- ترقی پذیر ممالک کے لیے چیلنجز اور مواقع’ ہے۔ کانفرنس کو 4 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں قومی اور بین الاقوامی نامور مقررین 27 مقالے پیش کریں گے۔
پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش اور کانفرنس کا انعقاد کثیر القومی مشق امن 2023 کے ساتھ کیا جا رہا ہے جس میں 50 بحری افواج کے 122 سے زائد مندوبین کو اس ایونٹ کا مشاہدہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔جس کے باعث مقامی نمائش کنندگان کو دنیا بھر سے آنے والے شرکاءکے ساتھ بات چیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔میری ٹائم شعبہ عالمی تجارت اور معیشت کا مرکز ہے، عالمی سمندری معیشت کی موجودہ مالیت تقریباً 1.5 ٹریلین امریکی ڈالر سالانہ ہے اور ایک اندازے کے مطابق 2030 تک اس کے حجم میں دوگنا اضافے کی توقع ہے۔ملکی اور اقتصادی ترقی میں بحری شعبے کا اہم کردار ہے اسی لیے پاک بحریہ اور وزارت میری ٹائم افیئرز کے باہمی تعاون سے میری ٹائم آگہی کے فروغ، پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل کو اجاگر کرنے اور قومی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے لیے اس نمائش کا انعقاد کیاگیا ہے۔
امید کی جاتی ہے کہ پاک بحریہ اور وزارت بحری امور کی جانب سے یہ مشترکہ قدم نہ صرف بلیو اکانومی کو فروغ دے گا بلکہ پاکستان کی ساحلی پٹی کی سماجی واقتصادی ترقی کاسبب بھی بنے گا۔