اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت عار ف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔اپنے بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا۔صدر مملکت نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت ، بلندی درجات کی دعا کی ۔صدرمملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا کی ۔وزیراعظم نے ڈاکٹر عامر لیاقت کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال پر گہرے دکھ او ر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی سیاسی سماجی ومذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگااور دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ ا للہ تبارک تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔