چلاس ( نمائندہ خصوصی ) مسافر کوسٹر کار سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جا گری، حادثے میں 25 افراد جاں بحق جبکہ 15 کے قریب زخمی ہو گئے۔ بس مسافروں کو لے کر گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ ہربن نالے کے قریب کار سے تصادم کے بعد بس گہری کھائی میں جا گری، حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، 25 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔موقع پر موجود پولیس کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے کی وجہ سے حادثے میں نقصان کی مکمل نشاندہی نہیں ہو سکی، اندھیرے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے میں پریشانی ہے جبکہ چلاس کے آر ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔پولیس حکام کے مطابق حادثے میں 25 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ 15 زخمیوں کو چلاس اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بس گلگت سے راولپنڈی جارہی تھی، زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔