اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترکیہ اور شام میں زلزے سے ہونے والی بدترین تباہی پر اظہارِ افسوس اور یکجہتی کےلئے (آج)ترکیہ کا دورہ کردیں گے جس کے باعث حکومت نے کثیر الجماعتی کانفرنس مو¿خر کردی۔منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف (آج) بدھ کی صبح انقرہ روانہ ہوں گے، وہ صدر رجب طیب اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت،ترکیہ کے عوام سے یک جہتی کریں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی موخر کی جا رہی ہے، اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔خیال رہے کہ 30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعہ میں 84 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد دہشت گردی سمیت اہم قومی اہمیت کے مسائل و معاملات پر غور و خوض اور اتفاق رائے کےلئے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کیا تھا، کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا تھا۔ایک روز قبل ہی کانفرنس کی تاریخ 7 فروری سے تبدیل کر کے 9 فروری کی گئی تھی جسے اب مزید ملتوی کردیا گیا ہے۔