اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کےلئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کےلئے قائم فنڈ میں بطور عطیہ دی جائے گی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرتے ہوئے کہاہے کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کے لیے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں تمام پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں ،پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں،پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا اجلاس کے آغاز میں وفاقی کابینہ نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت، اہلِ خانہ کےلئے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔وفاقی کابینہ نے وزیر تجارت سید نوید قمر کے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعظم نے کابینہ کو زلزلے کے فوراً بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے اپنے ٹیلیفونک رابطہ کے بارے میں بتایا جس میں انہوں نے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان ایئرفورس کی پروازیں ریسکیو ٹیمیں اور امدادی سامان لے کے ترکیہ روانہ ہوچکی ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی امدادی ٹیموں میں شامل ہیں جبکہ مزید امدادی سامان کی ترسیل جاری رہے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ایک ریلیف فنڈ قائم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں سے اس فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔ مزید برآں وزیراعظم نے کاروباری افراد اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اِس ریلیف فنڈ میں عطیات دیں۔وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کےلئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے افسران کی ایک دن کی تنخواہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کےلئے قائم ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس المناک قدرتی آفت میں ترکیہ اور شام کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے؛ پاکستان کی جانب سے ان کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ترکیہ 2022 کے تاریخی سیلاب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہا۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں بذاتِ خود (آج) بدھ کو زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کے لیے ترکیہ روانہ ہورہا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ امدادی سامان کے علاوہ میں نے فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں ہاتھ بٹانے کے لیے ترکیہ روانہ کیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ترکیہ اور شام میں مصیبت میں گھرے اپنے زلزلہ زدگان بہن بھائیوں کی پاکستان ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ شہباز شریف نے کہاکہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس المناک قدرتی آفت میں ترکیہ اور شام کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہےوفاقی کابینہ نے صدر نیشنل بینک آف پاکستان کی تقرری کے عمل کو از سر نو شروع کرنے کی منظوری دے دی. کابینہ نے اس عمل کو فوری بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے کریمنل لاز/قانون فوجداری (ترمیمی )بل 2023(Criminal Laws Amendment Bill 2023) کے حوالے سے ایک کابینہ کمیٹی قائم کر دی جو بل کو مسودے کا بغور جائزہ لے کر اپنی رپورٹ اگلی کابینہ اجلاس میں پیش کرےگی، کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ءاللہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑوفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وفاقی کابینہ میں موجود تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔