اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کبھی سیاست کو جہاد کہتے ہیں اور کبھی جنگ ،ان کی سیاست غیر سنجیدہ اور گمراہ کن ہے،عوامی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں آئین، جمہوریت اور بنیادی آزادیوں کی دھجیاں اڑائیں،اب وہ حقیقی آزادی اور حقیقی جمہوریت کی نام پر سیاست کر رہے، کبھی یہ کہتے ہیں ان کی سیاست نہیں جہاد ہے، کبھی کہتے ہیں ان کی سیاست نہیں بلکہ جنگ ہے، ان کی سیاست غیر سنجیدہ اور گمراہ کن ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے ذاتی سیاسی مفادات کیلئے ملک اور عوام کے مفادات کو قربان کرنے کو تیار ہیں، جب بھی ہم معاشی بحران سے نکلنے کے قریب ہوتے ہیں یہ عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہوجاتے ہیں، یہ ملک کو قرضوں اور معاشی بحران میں دھکیل کر نجات دہندہ بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔