کراچی(نمائندہ خصوصی)
سندھ کے وزیر اطلاعات, ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام میں ہولناک
زلزلے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، سندھ حکومت اور سندھ کی عوام مشکل گھڑی میں زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔ گزشتہ روز سندھ کابینہ نے اپنے اجلاس میں زلزلے میں انسانی جانوں اور املاک کے نقصانات پر اپنے گھرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور فوری طور پر زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے 1 لاکھ خیمے ترکیہ روانہ کرنے کی منظوری دی ہے ۔ صوبائی وزیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دنیا کا ہر دردمند انسان افسردہ اور غمگین ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت مشکل کے اس وقت میں اپنے ترک بھائیوں کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان اور سندھ حکومت ترکیہ حکومت اور عوام کی جانب سے ہر مشکل وقت میں کام آنے کی خدمات کو کبھی نہیں بھلا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد میں ترکیہ کی حکومت اور ترک عوام نے بے پناہ تعاون کیا۔وزیر اطلاعات سندھ نے زلزلے میں ہونے والی اموات اور نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔