اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسلامی نظریاتی کونسل کے خلاف آئینی درخواست خارج کر دی ہے۔سپریم کورٹ میں اسلامی نظریاتی کونسل کیخلاف آئینی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔وکیل خواجہ احمد حسین نے اسلامی نظریاتی کی تحلیل کیلئے درخواست دائر کی تھی۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی کوئی آئینی حیثیت ہے نہ اتھارٹی، اسلامی نظریاتی کونسل اپنی فائنل رپورٹ 1996 میں پارلیمنٹ کودے چکی، آرٹیکل 230(4 )کے تحت کونسل نے ملکی قوانین کا اسلامی تعلیمات میں جائزہ لینا تھا، پارلیمنٹ میں حتمی رپورٹ کے بعد کونسل کو تحلیل ہونا چاہئے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے ملکی قوانین کا جائزہ لے کر رپورٹ دی، کونسل نے ماضی کے قوانین کا اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جائزہ لیا، مستقل کے قوانین کا جائزہ لینے کیلئے اسلامی نظریاتی آئینی باڈی ہے۔وکیل نے کہا کہ مستقل کے قوانین کی شرعی حیثیت کا جائزہ اب وفاقی شرعی عدالت لے سکتی ہے۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے وجود سے کون سے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، بعدازاں عدالت نے درخواست گزار کو سننے کے بعد درخواست خارج کر دی۔