اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زر داری نے کوئٹہ پولیس لائن میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے پولیس کے بہادر جوانوں کو ڈرایا نہیں جا سکتا۔ اپنے بیان میں سابق صدر نے کہاکہ بزدل دہشت گرد چھپ کر حملے کرکے قانون کے رکھوالوں کے عزم کو ختم نہیں کر سکتے۔آصف علی زرداری نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔اپنے بیان میں چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں پولیس لائین کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ دہشتگرد بزدل ہیں، پاکستان کی پولیس اور سکیورٹی فورسز سے خوفزدہ ہیں۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ دہشتگردی اور انتھاپسندی کے خلاف پوری قوم متحد اور سینہ سپر ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف بلوچستان پولیس اور سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگرد دہماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔