لاہور ( بیورو رپورٹ ) چوہنگ کے علاقے ازمیر ٹاﺅن کے گھر میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے دو منزلہ گھر کی چھت زمین بوس ہونے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 4ہو گئی جن میں 2بچیاں بھی شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ چوہنگ کے علاقہ ازمیر ٹاﺅن کے ایچ بلاک میں سردار طیب ڈوگر ایڈووکیٹ کے گھر میں رات گئے گیس پائپ پھٹنے سے زور دار دھماکے ہوگیا جس سے دو منزلہ گھر کی چھت گر گئی اور5افراد ملبے تلے دب گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس ، ریسکیو1122اور دیگر امداد ی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ایدھی ترجمان کے مطابق گھر کے ملبے سے پہلے 78 سالہ عارف ڈوگر اور 50 سالہ طیب کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ کچھ دیر بعد 12 سالہ شگفتہ اور13 سالہ آمنہ کی لاش بھی ملبے کے نیچے سے نکال لی گئی ۔ریسکیو ٹیموں کے مطابق ملبے گرنے سے پھنس جانے والے پانچ افراد بھی باہر نکالا گیا جن میں سے ایک معمولی زخمی ہے ۔پولیس نے چھت گرنے کے حوالے سے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔