کراچی (نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کو حقِ خودارادیت ملنے تک کوئی پاکستانی سکھ کی سانس نہیں لے سکتا۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے یوم یکجہتیِ کشمیر پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن عالمی برادری مقبوضہ وادی کے متعلق اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری کے لیے آگے بڑھے گی، وہ دن مقبوضہ کشمیر کے عوام کی فتح کا دن ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے گذشتہ سات دہائیوں سے خطے میں امن اور ترقی عدم استحکام کا شکار ہیں، جس کی قیمت یہاں کے عوام غربت اور پسماندگی کی شکل میں ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی شکل میں بھارت کا جنگی جنون اب تمام حدیں پار کرچکا ہے، جس کا سب سے پہلا نشانہ بھارتی اقلیتیں خصوصا مسلمان ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی، جس کے بانی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ میں مسئلہ کشمیر پر نیند میں بھی غلطی نہیں کرسکتا اور کشمیر کیلئے ہزار سال تک جنگ لڑنے کے لیے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دورِ حکومت میں مقبوضہ وادی کی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر سال 5 فروری کو قومی سطح پر یومِ یکجہتیِ کشمیر منانے کا فیصلہ کیا تھا اور آج اس اقدام کے باعث دنیا بھر میں پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ انسانیت دوست افراد اور تنظیمیں کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی ظلم و جبر کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے صرف پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگایا تھا، وہ کشمیر کھپے کا نعرہ بھی لگاتے رہے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سات دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں جاری جدوجہدِ حق خود ارادیت کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا اور بھارتی ظلم و جبر کے مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کشمیری عوام کی جدوجہد کے بارآور ہونے کی گھڑی آ پہنچی ہے۔