لاہور( نمائندہ خصوصی ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، چینی کمپنیاں 2022 میں پاکستان میں ٹاپ ٹین فون مینوفیکچررز کی فہرست میںشامل ہیں اورچینی کمپنیوں نے 2022 میں پاکستان میں مقامی طور پر تیار کیے گئے 21.94 ملین فونز کا ایک بڑا حصہ اسمبل / تیار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق آئی ٹیل موبائل پاکستان مسلسل دوسرے سال 3.03 ملین یونٹس کے ساتھ فہرست میں سب سے اوپر موبائل فون بنانے والی کمپنی رہی ۔کمپنی نے مقامی طور پر 3.03 ملین سیٹ اسمبل/ تیار کیے جبکہ اسی چینی کمپنی نے 2021 میں 4.40 ملین یونٹ اسمبل/ تیار کیے تھے۔ 2020 میں مذکورہ ادارہ 0.34 ملین موبائل سیٹ کے ساتھ ٹاپ ٹین مینوفیکچررز کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر تھا۔ 2021 میں یہ مقامی مینوفیکچررز کی فہرست میں سرفہرست رہا اور 2022 میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔پی ٹی اے کے اعدادوشمار کے مطابق، چین کی ویگو ٹیل نے 2022 میں 2.40 ملین موبائل فون سیٹس کے ساتھ دس موبائل مینوفیکچررز کی فہرست میں اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ مذکورہ کمپنی نے2021 میں 3.17 ملین موبائل فون سیٹ اسمبل / تیار کیے تھے جبکہ 2020 میں کمپنی 1.63 ملین سیٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔2022 میں چین کی اور کمپنی ویوو اپنی ہم عصر چینی کمپنی انفلیکس کو تیسرے سے چوتھی پوزیشن پر دھکیلتے ہوئے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی۔ گزشتہ سال ویوو نے نے 1.72 ملین سے زیادہ موبائل فونز اسمبل/مینوفیکچر کیے تاہم انفلیکس انتہائی تھوڑے مارجن سے چوتھے نمبر پر ہے ۔ 2021 میں انفلیکس نے3.00 ملین فون سیٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا جبکہ ویوونے 2.76 ملین فونز اسمبل/مینوفیکچر کیے تھے۔