لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا، سابق ارکان اسمبلی ہی انتخابات لڑیں گے جنہیں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق پہلے فیصلہ ہوا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ضمنی انتخابات میں خود حصہ لیں گے مگر اب موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ تبدیل کر لیا گیا ہے ۔ جس کے بعد اب ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے سابقہ ارکان قومی اسمبلی ہی حصہ لیں گے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سابقہ ارکان کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ سابقہ ارکان اپنے حلقوں میں الیکشن مہم شروع کردیں۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا 16 مارچ کو الیکشن شیڈول جاری کر رکھا ہے۔