(کراچی( اسٹاف رپورٹر
جرنلسٹ ایکشن کمیٹی کا وفد KUJ کے عہدیداران کو خصوصی مبارکباد دینے کیلئے جیونیوز کے آفس پہنچ گیا۔ صحافیوں کی انمول ، بلا مفاد ، بلا تفریق اور دل کی گہرائیوں سے بے لوث خدمات سرانجام دینے پر تمام عہدیداران کو خوشنما گلدستہ جبکہ نو منتخب صدراورممتاز صحافی فہیم صدیقی کوصحافیوں اور میڈیا کارکنان کا ہیرو قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جرنلسٹ ایکشن کمیٹی کا وفد سینئر صحافیوں راؤ محمد جمیل، عرفان ساگر اور افضل سندھو کی سربراہی میں KUJ کے حالیہ الیکشن میں تاریخی فتح کا تاج سر پر سجانے والے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دینے کیلئے گذشتہ شب جیو نیوز کے آفس پہنچا جہاں انتہائی مسرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے KUJکے تمام نومنتخب عہدیدار کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور مٹھائی کھلائی گئی جبکہ جیو نیوز کے اسٹاف کو بھی مٹھائی پیش کی گئی ۔اس دوران جرنلسٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے نو منتخب صدر فہم صدیقی اور انکی ٹیم کی جانب سے ماضی میں عام صحافیوں اورمیڈیا ورکرزکیلئے ادا کی گئی گراں قدر اور ناقابل فراموش خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔جرنلسٹ ایکشن کمیٹی نے نام نہاد اور مفاد پرست بعض صحافی لیڈران کے گروہ کی جانب سے گذشتہ 30 سال سے بھی زائد اہم اخبارات اور میڈیا اداروں میں انتہائی دیانتداری اور جانفسانی سے پیشہ وارانہ صحافتی خدمات سرانجام دینے والے سینئر صحافیوں کو میرٹ پر اترنے کے باوجود پریس کلب کی ممبر شپ سے محروم رکھنے اور بعض صحافیوں کے غیر اعلانیہ پریس کلب میں داخلے پر پابندی کے آمرانہ فیصلے اور ہتک آمیز سلوک سے عام صحافیوں میں پیدا ہونے والے اضطراب اور تشویش سےنو منتخب عہدیداران کو آگاہ کیا جس پر صدر فہیم صدیقی نے کے یو جے کے پلیٹ فارم سے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔جرنلسٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ماضی میں عام صحافیوں کو گمراہ کرکے اور آزادی صحافت کا بھاشن دیکر لیڈری چمکانے والے ہی دراصل عام صحافیوں کے حقوق اور انصاف کے قاتل ہیں جو عام صحافیوں کو روندتے ہوئے میڈیا مالکان سے انکے حقوق کا پرکشش مالی مفاد اور اہم عہدوں کے عوض سودا کر چکے ہیں۔ اگر کسی مبینہ لیڈر کو معمولی تکلیف پہنچے تو عام صحافیوں کو زرخرید غلام سمجھ کر احتجاجی تحریک شروع کرادی جاتی ہے جو انکے مفاد،جھوٹی آن بان شان کے حصول تک جاری رہتی ہے جبکہ عام صحافی پر چاہے کتنا ظلم وناانصافی ہو یا تنخواہوں کی عدم ادائیگی یا جبری بے روزگاری کا مسئلہ ہو تو یہ نام نہاد لیڈران مافیا ناصرف مجرمانہ خاموشی اختیار کرتے ہیں بلکہ میڈیا مالکان کی سہولت کاری کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔ اس دوران نو منتخب صدر فہیم صدیقی اور دیگر عہدیدار ان کا کہنا تھا کہ انکے نزدیک ایک عام صحافی اور تمام عہدیداران برابر عزت اور وقار رکھتے ہیں جسکا عملی مظاہرہ ہمارے ماضی سے منسلک ہے۔ ہمیں ملنے والے عہدے اور تاریخی فتح عام صحافیوں کی ہی مرہون منت ہے۔ اپنی حیثیت سے بڑھ کر عام صحافیوں کا مفاد عزیز ہے۔ انھوں نے کہا کہ انشاءاللہ ہم ثابت کر دینگے کہ اگر ارادے پختہ ہوں تو منزل حاصل ہو کر رہتی ہے۔ جس طرح اللہ کے فضل ، عام صحافیوں کی حالیہ الیکشن میں خاموش اور کھلے عام صحافیوں کی مدد اور تعاون سے جو تاریخی فتح نصیب ہوئی ہے وہ ہم پر قرض ہے اور نومنتخب کابینہ صحافیوں اورمیڈیا ورکرزکیلئے دن رات جدوجہد سے انکی خدمت اور حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے تاریخ رقم کرے گی۔ قبل ازیں KUJ کے عہدیداران نے مبارکباد کیلئے جیونیوز کے آفس آنے والے وفد جس میں جرنلسٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران اور صحافیوں کے علاوہ دیگر شخصیات شامل تھیں کاشاندار استقبال کیا۔ مبارکباد دینے والوں میں یونس آفریدی ، ضیاء الرحمان ، اکرم ثاقب ، حاجی جان اکبر ، راؤ خالہ ، فیصل کشمیری ، ہاشم نیاز اور راؤ محمد جنید سمیت دیگر شامل تھے۔