اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یوم یکجہتی کشمیر کے تیاریوں کےحوالے سے ایک خصوصی جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 75 سالوں سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے . 5 اگست 2019 کے غیر قانونی کے اقدام کے بعد کشمیریوں کو دیوار سے لگا دیا گیا اور حالیہ دنوں میں بھارت کے کشمیریوں پر مظالم میں مزید تیزی آئی ہے.وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا.وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں پہنچائی جائے گی. انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے تصفیہ کے منصفانہ حل تک پاکستانی قوم چین سے نہیں بیٹھے گی.وزیراعظم نے اس سال یوم یکجہتی کشمیر کو مؤثر انداز میں منانے کے لئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت جاری کی.اجلاس میں وفاقی وزارتوں صوبائی حکومتوں , گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کی حکومتوں کے نمائندگان نے یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگز دیں. اجلاس کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے ملک بھر میں ریلیوں , واک , تصویری نمائشوں , تقریری مقابلوں اور دیگر تقریبات کا انقعاد کیا جائے گا.اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق , وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب , وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود , وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین , وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام امین الحق , مشیر وزیراعظم براے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ, معاون خصوصی وزیراعظم طارق فاطمی اور اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی.