باجوڑ (نمائندہ خصوصی )باجوڑ میں حکام نے پاک افغان سرحد کے قریب واقع تحصیل ماموند میں چھاپے کے دوران 2 دیسی ساختہ بم، راکٹ سے چلنے والے 7 دستی بم اور فیوز برآمد کیے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خار میں ضلعی پولیس افسر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ اسلحہ پولیس اور باجوڑ اسکاوٹس کی ایک ٹیم کی جانب سے مشترکہ طور پر کی گئی خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران برآمد کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ دیسی ساختہ بم اور گرینیڈ (دستی بم) کچھ شرپسندوں نے تخریب کاری کے مقصد سے چھپائے ہوئے تھے، ان شرپسندوں کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پاک افغان سرحد پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز جاری ہیں۔