کراچی(نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کچی آبادی لیاقت آسکانی نےکراچی پریس کلب کی ہاکس بے صحافی کالونی میں قبرستان کے لئے ایک ایکٹر زمین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔کراچی پریس کلب میں نومنتخب گورننگ باڈی سے ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر لیاقت آسکانی نے کہا کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ صحافیوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پرکراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہا کہ ہاکس بے صحافی کالونی کی آباد کاری کے لئے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کروانا ہماری پہلی ترجیح ہے، انہوں نے بلاک68 کی ڈیمارگیشن اورسڑکوں کی تعمیر سمیت ہاکس بے صحافی کالونی کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے لئے لیاقت آسکانی سے اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی درخواست کی ،وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی نے یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں وہ بہت جلد نو منتخب گورننگ باڈی اور ایل ڈی اے حکام کے ساتھ ہاکس بے صحافی کالونی اور بلاک 68 کا دورہ کریں گے اور پریس کلب کی ہر ممکن مدد کریں گے۔اس موقع پر لیاقت آسکانی کی جانب سے کراچی پریس کلب کی نومنتخب گورننگ باڈی کو الیکشن میں کامیابی پر اجرک کے تحفے پیش کئے گئے۔