اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل جمسن لانگریو متائی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی٫نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر کینیا نیوی کے سربراہ نے یادگارِشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا ئی جس کے بعد نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔بعد ازاں، کمانڈر کینیا نیوی نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولنگ کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی فروغ میں پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔کمانڈر کینیا نیوی کو پاک بحریہ کے کردار اور ذمہ داریوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔توقع ہے کہ کمانڈر کینیا نیوی کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔