لاہور (بیورورپورٹ) شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے شریک ملزم مقصود چپڑاسی حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کرگئے ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبر نے مقصود چپڑاسی کے اکاﺅنٹس سے کروڑوں روپے نکلنے کا دعوی کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقصود چپڑاسی ان دنوںبیرون ملک مقیم تھے اوران کا انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا ۔مقصود چپڑاسی کے اکاﺅنٹ میں پیسے آنے پر انہیںمنی لانڈرنگ کیس میں شامل کیا گیا تھا ۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر فاروق باجوہ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک مقصود کی وفات کا مجھے بھی ابھی ایک صحافی سے معلوم ہوا ہے۔ اس سوال کہ کیا مقصود چپڑاسی کی وفات سے کیس پر کوئی اثر پڑے گا کاجواب دیتے ہوئے فاروق باجوہ نے کہاکہ مقصود چپڑاسی کی وفات سے کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،ملک مقصود گواہ نہیں ملزم تھا اس لئے کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،ملزمان کیخلاف کیس ایف آئی اے عدالت میں چل رہا ہے۔سپیشل سنٹرل عدالت نے ملک مقصود کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔