کراچی(نمائندہ خصوصی) دنیا کی پہلی قوالی اکیڈمی، افضل صابری صوفی میوزک اکیڈمی کا باقاعدہ افتتاح 24 جنوری کو سندھ کے گورنر محمد کامران خان ٹیسوری نے کیا۔ اکیڈمی کا نام مشہور قوال افضل صابری کے نام پر رکھا گیا ہے، اس کا مقصد پاکستان کی اصل موسیقی، قوالی کو عالمی سطح پر فروغ دینا اور ملک کے شاندار ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران گورنر ٹیسوری نے نوجوانوں کے لیے ادارے بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اصل موسیقی قوالی ہے اور ہم قوالی کے ذریعے اپنی ثقافت کو پوری دنیا میں مشہور کریں گے۔ نوجوانوں کے لیے ادارے بنانا بہت ضروری ہے اور یہ اکیڈمی اب نوجوانوں کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوالی امن اور محبت کا درس دیتی ہے اور یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے کا طریقہ ہے۔تقریب میں معروف صحافی اور بول میڈیا گروپ کے صدر فیصل عزیز خان نے بھی شرکت کی، انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں اور بزرگوں کی سرزمین ہے، ہم خوش نصیب ہیں اور ہمارے بچوں اور نوجوانوں کو قوالی سیکھنی چاہیے۔ ہمیں دنیا کو اپنی موسیقی کے قریب لانا ہے۔اکیڈمی کے سربراہ معروف قوال افضل صابری نے گورنر سندھ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پچھتر سال بعد قوالی اکیڈمی نے کام کرنا شروع کیا ہے اور اس کا کریڈٹ گورنر سندھ کو جاتا ہے جنہوں نے ہمارے مسئلے کو سمجھا اور ایک حل تلاش کیا.” انہوں نے مزید کہا کہ قوالی کی کلاسز شروع کر دی گئی ہیں اور نوجوانوں کو مختلف کورسز کے تحت تربیت دی جا رہی ہے۔