لاڑکانہ(بیورورپورٹ) اے ایس پی سٹی عتیق الرحمان میکن نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر چوری اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤں جاری ہے، لاڑکانہ پولیس نے دو ہفتوں کی سخت محنت کے نتیجے میں 20 موٹرسائیکلیں، 15 موبائل فونز اور ایک کار برآمد کی ہے جو اصل مالکان کے حوالے کردی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر میں ڈکیتیوں اور دکانوں میں لوٹ مار کی وارداتوں کی چھان بین کرکے ایسے واقعات کا سراغ لگا کر ان جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے برآمد کئے، انہوں نے کہا کہ ہم لاڑکانہ شہر میں جرائم کی شرح کو کم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اس لیے اب شہری مایوس نہیں ہیں کیونکہ پولیس کارروائی کر کے چیزیں برآمد کر رہی ہے، شہریوں کو اگر کسی چور یا ملزم کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو وہ بروقت پولیس کو اطلاع دیں جن ن کا نام خفیہ رکھا جائے گا اور شہریوں کے تعاون سے ہی لاڑکانہ شہر سے جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ممکن ہے۔